اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے، قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی نے ہفتے کے روز تہران میں جرمن ڈپٹی اسپیکر کلوڈیا روٹ سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ عراق و شام میں بے گناہوں کا قتل عام کرنے والے گروہ، دہشتگرد ہیں اور اچھے و برے میں ان کی تقسیم یا انھیں حامی و مخالف عناصر سے تعبیر کئے جانے سے، ان گروہوں کی دہشتگردانہ ماہیت، تبدیل نہیں ہوسکتی- انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی، علاقے کے اہم ترین مسائل ہیں جو عراق و شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئے ہیں- اس ملاقات میں جرمنی کی ڈپٹی اسپیکر کلوڈیا روٹ نے بھی علاقے میں دہشتگردی کے خلاف مہم میں ایران کے ساتھ تعاون سے متعلق اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی، علاقے کی تبدیلیوں میں ایران کے موثر کردار سے باخبر ہے اور وہ دہشتگردی کے خلاف مہم میں ایران کے تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے- جرمن ڈپٹی اسپیکر کلوڈیا روٹ نے اپنے دورۂ تہران میں ایران - جرمنی پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ سے بھی ملاقات میں کہا کہ جرمنی،قومی مفادات کے دائرے میں مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع کیلئے عمل میں لائے جانے والے ہر اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے-
.....
/169